نئی دہلی، 3/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)دہلی-این سی آر سمیت شمالی ہندوستان کی کچھ ریاستوں میں بارش تھم چکی ہے، لیکن لوگ اب بھی اکتوبر میں شدید گرمی کا سامنا کر رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند دنوں میں گرمی کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے۔ محکمہ نے اطلاع دی ہے کہ دہلی کے شہریوں کو جمعہ تک گرمی سے کسی بڑی راحت کی توقع نہیں ہے۔ بدھ کے روز دہلی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37.2 ڈگری سیلسیس جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 26.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ یہی صورتحال نوئیڈا، گریٹر نوئیڈا، غازی آباد، گروگرام اور فرید آباد میں بھی ہے۔ تاہم محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ہفتہ کو دہلی-این سی آر میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔
اتر پردیش میں بھی مانسون کی بارش کا سلسلہ رک گیا ہے۔ اب یہاں لوگ پھر گرمی سے پریشان ہیں اور اگلے تین چار دنوں تک یہاں ایسا ہی موسم برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ حالانکہ محکمہ موسمیات نے یوپی کے الگ الگ ضلعوں میں گرمی کے درمیان ہی آج اور اگلے کچھ دن بیچ بیچ میں ہلکی پھلکی بارش ہونے کی بات بتائی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہریانہ میں بھی کچھ دنوں تک شدید گرمی رہ سکتی ہے۔ یہاں جمعرات کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38.88 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم 26.2 ڈگری سیلسیس رہے گا۔ راجستھان کی بات کی جائے تو یہاں ہفتہ کو مانسون ختم ہوگا۔ اگلے کچھ دنوں میں ریاست میں موسم خشک رہے گا۔ کوٹا، اُدے پور اور بیکانر کچھ حصوں میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
پنجاب کے سلسلے میں محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہاں آج شدید گرمی رہے گی۔ یہاں کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42.27 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 25.54 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ 4 اکتوبر سے 6 اکتوبر تک اسی طرح کا موسم بنا رہے گا۔ وہیں ریاست بہار میں موسم سہانہ رہے گا۔ آئی ایم ڈی نے بتایا ہے کہ یہاں آسمان میں بادل چھائے رہیں گے اور کچھ ضلعوں میں ہلکی پھلکی بارش ہو سکتی ہے۔ سیلاب زدہ شمالی بہار یعنی دربھنگہ اور مدھوبنی میں اگلے چار دنوں تک ہلکے سے درمیانے بادل رہ سکتے ہیں۔ حالانکہ محکمہ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ ریاست میں اگلے دو تین دنوں تک موسم خشک رہے گا۔
ملک کی دیگر ریاستوں کی بات کریں تو شمال مشرقی ہند میں موسم تھوڑا الگ رہے گا۔ آسام، میگھالیہ، اروناچل پردیش، ناگالینڈ، منی پور، میزورم، تریپورہ، انڈمان-نکوبار جزائر گروپ، سکم، مغربی بنگال، جھارکھنڈ، اوڈیشہ، تلنگانہ، ساحلی کرناٹک، مہاراشٹر، کیرل اور لکش دیپ میں اگلے 2 سے 3 ہفتے ہلکی بارش کا امکان ہے۔